ملتان آرٹس کونسل میں “امن شاعری”مشاعرہ کا انعقاد،ملک کے نامور شعراء کی شرکت

96

ملتان9ستمبر(اے پی پی): یوم آزادی تقریبات اور سمر فیسٹیول کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام “امن شاعری” کے نام سے مشاعرہ، آرٹس کونسل میں منعقد ہوا,جس میں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

امن مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کیا مشاعرہ کے صدر محفل پروفیسر ڈاکٹر محمد امین تھے،شعراء کرام نے اپنے کلام کے ذریعے شائقین سےخوب داد سمیٹی ۔مشاعرہ کی نظامت کے فرائض معروف کیمپئر شاکرحسین شاکر نے سرانجام دئیے۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ شعراء اپنے تخیلاتی انداز فکر کی بدولت معاشرے کے جذبات، خیالات،تہذیب و ثقافت اور مسائل کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خطہ کے شعراء کرام نے ہمیشہ امن کا پیغام عام کیا ہے،شعراء کے طرف سے دیئے گئے امن کا  پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچے گا۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ امن مشاعرے کی ہمارے معاشرے کو ضرورت ہے،امن ہمارا نصب العین رہے گا، ہمارے شعراء کرام امن کے حقیقی پیامبر اور سفیر ہیں۔

 ترجمان حکو مت پنجاب سبین گل خان نے کہا کہ امن کے درس کی بدولت ہمارے لوگ امن پسند اور میٹھی زبان کے حامل ہیں۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی نے کہا کہ شعراء قابل عزت  شخصیات ہیں جو قوم کی تعمیر و ترقی کی راہیں متعین کرتے ہیں، ضلعی نتظامیہ پر امن شاعری کے فروغ کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

 شعراء میں خالد مسعود خان،کوثر ثمرین مہمان خاص تھےرضی الدین رضی، رضوانہ تبسم درانی،قمر رضا شہزاد، نوازش علی ندیم،تحسین غنی،عباس ملک لقمان ناصر،اکبر ہاشمی،سہیل عابدی،ضیاء ثاقب بخاری،سلیم قیصر،اکبر ہاشمی،معظم بیداری بھی شعراء میں شامل تھے۔

مشاعرہ کے اختتام پر شعراء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران،آر ڈی آرٹس کونسل طاہر محمود چوہدری،غزل غازی،عنایت قریشی،ملک عبدالروف اور شائقین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔