ملتان ،22 ستمبر (اے پی پی ): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وہ تمام پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی کے لئےکوشاں ہے،سیاسی وابستگیوں سےبلا تر ہو کر ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جا رہا ہے،تعمیراتی منصوبوں میں کرپشن کے خاتمے کا کریڈٹ پنجاب حکومت کو جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سڑک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملک زاہد آرائیں،ملک عبدالروف،رانا عمران شمشاد،چودھری عزیزالرحمٰن، چوہدری فضل حسین،رانا رضوان، چوہدری طارق مان اور چوہدری ایوب سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ہمارے دور میں ہر کام میرٹ پر اور اعلی معیار کےاصولوں کے تحت کیا جا رہا ہے جبکہ سابق دور میں سیاسی وابستگیوں کے تحت کام ہوتے تھے اورحکمرانوں کوعوامی مفاد عزیز نہ تھا،یہی وجہ تھی کہ ہماری عوام ان سے متنفر تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سڑک پر ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی،شفاف انداز میں میرٹ پر یہ ٹھیکہ دیا گیا ہے اور اعلی معیار کے مطابق یہ سڑک مکمل کی جائے گی،ہمارے افسران اور عوامی نمائندے مل کر اس کے تعمیراتی پراسس کی جانچ پڑتال کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب کرپشن کا دور گذر چکا ہے ہر کام میں میرٹ اور شفافیت کو اہمیت دی جا رہی ہے،حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور ہم اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے انہیں تمام سہولیات فراہم کرتے رہیں گے۔