ملتان 23، ستمبر(اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملتان قمرالزمان قیصرانی نے کہا ہے کہ ڈینگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے،تمام محکمے مشترکہ کاوشوں کی بدولت اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں،رابطوں کو منظم بنایا جائے، زیر التواءسرگرمیوں کونمٹایا جائے، ڈینگی یوزرز کو متحرک کیا جائے اور بوگس سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ جن جگہوں سے ڈینگی لاروا ملا ہے اسکی سرویلنس کو یقینی بنایا جائے، ہاٹ سپاٹ سرگرمیوں کا ٹارگٹ پورا کیا جائے۔ ٹاﺅن کمیٹی جلال پور پیر والا ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، کوآپریٹو،میٹروپولیٹن کارپوریشن، فوڈ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 زیر التواءکیسسز میں پیش رفت بارے رپورٹ پیش کریں، تھرڈ پارٹی ویریفیکیشن کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضلع کے جن ہسپتالوں سے ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں ان کے علاج معالجے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرگرمیوں میں شہریوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ہم سب کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کا خاتمہ ہو سکے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دو ہفتے کے دوران گھروں اور کنٹینروں سے ڈینگی لاروا ملنے کے متعدد کیسسز
سامنے آئے ہیں،حکومتی ہدایات کے مطابق متاثرہ گھروں اور انکے اطراف کے پانچ گھروں کی سرویلنس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں تمام محکموں کی انسداد ڈینگی بارے سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔