ملک میں غربت، افلاس، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی زبوں حالی کی وجہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہے : جاوید اقبال

102

اسلام آباد ، 15 ستمبر (اے پی پی): قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے ملک میں کروڑوں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جس کے باعث مبینہ طور پر پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل ہوا، ملک میں غربت، افلاس، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی زبوں حالی کی وجہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی احسان مضاربہ کیس کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نیب راولپنڈی کی جانب سے 2698 متاثرین میں 24 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔اس موقع پر چئیرمین نیب نے متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔چئیرمین نیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مضاربہ کیس میں اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر سادہ لوح اور معصوم لوگوں کو لوٹاگیا۔لوگوںکو بھاری شرعی منافع کا لالچ دے کر ان کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹی گئی، قائداعظم محمد علی جناح نے 1947میں آئین ساز اسمبلی کے اجلاس میں رشوت ستانی اور اقربا پروری کو بڑا مسئلہ قرار دیا، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب وائٹ کالر کرائمز اور سٹریٹ کرائمز میں فرق ہے، نیب اقوام متحدہ کی بدعنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت فوکل ادارہ ہے ،نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔ نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

 انہوں نے کہا عالمی اقتصادی فورم، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی قیادت میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی مثالی ہے۔ نیب راولپنڈی نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ نیب راولپنڈی کے تمام افسران محنت اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کورونا وبا کے باوجود انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔