ملتان،15 ستمبر (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارتی ملتان ڈاکٹر ملک عابد محمود نے کہا ہے کہ مون سون پلانٹیشن مہم کے تحت اٹھارہ سو سے زائد تیار درختوں کی شجرکاری مکمل کر لی ہے۔شجاع آباد انٹر چینج،سہو چوک،ناردن بائی پاس،سرکٹ ہاوس روڈ،شمس آباد گرین بیلٹ اور شہر کی دیگر گرین بیلٹس پر شجرکاری جاری ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہائی کورٹ روڈ،گلگشت اور واٹر ورکس روڈ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی جی پی ایچ اے نے مزید کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کے اطراف اور گرین بیلٹس پر سایہ دار درختوں کی شجرکاری کر رہے ہیں۔ناردن بائی پاس تا سہو چوک پلکن کے نو سو درختوں کی شجرکاری کی گئی ہے گرین بیلٹ کو پلکن ایونیو بنارہے ہیں۔گرین بیلٹس پر صفائی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔عوام سے بھی درخواست ہے کہ گرین بیلٹس پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ درختوں اور پودوں کو پانی لگانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔بڑے درختوں کی شجرکاری سے شہر کو سر سبز و شاداب بنانے میں مدد ملے گی۔پارکوں میں تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔