موہڑہ شریف کے زیر انتظام قاسمیہ زاہدیہ فری ہسپتال میں فری آئی کیمپ کا انعقاد

81

مری،28 ستمبر(اے پی پی ):مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف کے زیر انتظام قاسمیہ زاہدیہ فری ہسپتال میں آنکھوں کے علاج و معالجے کے لئے ایک فری آئی کیمپ  کا انعقاد کیا گیا ، آئی کیمپ کا انعقاد  اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسم  کی زیر نگرانی کیا گیا۔

اس موقع پر کیمپ میں  مری، راولپنڈی ،اسلام آباد اور کے پی کے ہزارہ سے آنکھوں کی مرض میں مبتلا مریضوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جس میں بوڑھے بچے جوان اور خواتین شامل تھیں ۔

موہڑہ شریف میں جدید ترین مشینری کے ساتھ آئی ہسپتال قائم ہے، جس میں ملک بھر سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سے آنکھوں کے مریض اس سہولت سے مستفید ہوتے ہیں۔

اس موقع پر ملک کے مایہ ناز و ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا چیک اپ کیا اور متعدد مریضوں کے آپریشن بھی کئے گئے ،جو انتہائی باریک بینی سے کئے گئے ۔اس کے علاوہ یہاں مریضوں کی سہولت کے لئے وارڈز کا بھی بندوبست ہے۔

 قاسمیہ زاہدیہ آئی ہسپتال میں فری ادویات و چشمے بھی فراہم کئے جاتے ہیں،  فری سہولیات کی فراہمی پر زیادہ تر غریب ومستحق افراد  فائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ ملک کے بڑے ہسپتالوں کے ڈاکٹرزبھی اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔