میرپورخاص،08ستمبر ( اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ رات گئے میرپورخاص، سانگھڑ، نوابشاہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کے پاس پہنچے، انہوں نے متاثرین سیلاب میں راشن ،مچھردانیاں، ٹینٹ و دیگر سامان تقسیم کیا اور سیلاب متاثرین کی حالت پر دکھ کا اظہارکیا۔
حلیم عادل شیخ نے اے پی پی نیوز کو بتایا کہ سیلاب متاثرین، گھر بارشوں میں ڈوب جانے سے سڑکوں پر بیٹھے ہیں اور مچھروں کی وجہ سے مویشیوں اور انسانوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے ، لاکھوں بے گھر خاندان حکومت اور مخیر حضرات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود سندھ حکومت نے متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی، متاثرینِ سیلاب اس اس وقت بہت بڑی اذیت سے دوچار ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کھپرو،میرپورخاص ،سانگھڑ، کنڈیاری،ڈگری، میرواہ، عمرکوٹ ، کنری، نئو کوٹ سمیت کئی علاقے زیر آب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیموں کو ان بے گھر خاندانوں کی مدد کو آنا چاہیے اور کہا کہ سندھ حکومت کی امداد متاثرین میں کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے ، حکومتی امداد متاثرین کو ملنے کے بجائے جیالوں کو دی جارہی ہے، یہ وقت بغیر کسی تفریق کے متاثرین کی مدد کرنے کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین سیلاب تک امداد پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، خود جاکر ان متاثرین کی مدد کر رہے ہیں اور سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک کام جاری رکھیں گے، متاثرین کو اس مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔