میرپورخاص: پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا ضلع عمرکوٹ کا دورہ،برسات متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا

96

میرپورخاص، 09ستمبر( اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ  نے عمرکوٹ ضلع کی تحصیل  سامارو ، کنری   اور ٹالہی   کے مختلف برسات متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،  صورتحال کا جائزہ لیا اورمتاثرینِ سیلاب سے ملاقاتیں کیں جبکہ انہیں ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی  بھی کرائی۔

 اے پی پی نیوز سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سامارو کے سیم نالوں میں تین جگہ شگاف پڑا ہوا ہے، انتظامیہ نظر نہیں آرہی ہے، برساتوں سے زیادہ نقصان  اس علاقے کو سیم نالوں نے پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابشاہ جیسا شہر بھی ڈوب گیا ہے جہاں زرداری رہتا ہے،  باقی شہروں کا کیا حال ہوگا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں کوئی بھی ریلیف کا کام شروع نہیں کیا ہے،ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں ڈوب گئی ہیں جن سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ عوام کو اس مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے،  کرونا وبا میں بھی وفاقی حکومت نے 60 ارب روپے سندھ کی عوام کو دیئے، سرکاری سطح پر انتظامیہ نظر نہیں آرہی ہے، سامارو میں سرکاری عمارتیں ،ہسپتال،  مذہبی عبادت گاہیں بھی ڈوبی پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرپورخاص، سانگھڑ، عمرکوٹ سمیت کئی علاقوں میں ہزاروں خاندان بے یارو مددگار بیٹھے ہیں ،سندھ حکومت کا کوئی وزیر مشیر نظر نہیں آرہا، عوام پریشان حال ہے ، ہم نے کئی علاقوں میں متاثرین کی مدد کی ہے مزید بھی کام کر رہے ہیں۔