اسلام آباد،09 ستمبر (اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے اور جغرافیائی محل وقوع کی بدولت اسلامی دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے، پاکستانی نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے اور وہ ملک کی تقدیر کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں “پاکستان میں ایک پر امن اور جامع معاشرہ : چیلنجز اور مواقع”کے عنوان سے منعقد ہونے والی دو روزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی قوم بردبار ، روادار اور پر امن قوم ہے اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام جس طرح ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وبا کے دوران پاکستانی عوام نے جس حوصلے، ہمت اور صبر سے اس وبا کا مقابلہ کیا وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے امن کا قیام ضروری ہے، دنیا میں امن اور برداشت کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ قوم کو اپنی نوجوان نسل سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، نوجوانوں کو قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے معاشرے میں رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے علمائے کرام اور مشائخ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے پاکستان کے پر امن اور حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے” پیغام پاکستان “جو اسلامی تحقیقی ادارے کی ریسرچ اسکالرز کی تصنیف ہے کی وسیع پیمانے پر اشاعت پر زور دیا۔
اس موقع پر ریکٹر انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت پر ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیغام پاکستان فورم جو امن اتحاد اور شراکت داری کے لیے عملی اقدامات کا پانچ سالہ منصوبہ ہے ،پاکستانی معاشرے کو ایک پرامن اور جامع معاشرہ بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔