وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند کا دورہ

87

کوہ سلیمان،19ستمبر(اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند کا   دورہ کیا ،کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعلیٰ کی آمد سے لوگ خوشی سے نہال ہو گئے ، وزیراعلیٰ نے مقامی   لوگوں کے مسائل   سنے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عافی بند کے علاقے میں سکول اورپکنک پوائنٹ بنانے کا اعلان کیا اور ہمہ وقت پانی کی فراہمی کیلئے ٹینکی رکھوانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ   عثمان بزدار نے کہا کہ بستی زین سے آنے والے راستے کو پبلک پارک ڈکلیئر کیا جائے گا اور سیوریج اورواٹر سپلائی کی سکیموں کو شروع کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سفید کوہ بلٹ جیسا علاقہ پنجاب کا حصہ ہے مگر ترقی میں صدیوں پیچھے ہے، میں پسماندہ علاقوں کے عوام کا وکیل ہوں اور عافی بند جیسے علاقوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے ہی وزارت اعلی کا منصب ملا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کمروں میں بیٹھ کر تنقید کرنے والے عام آدمی کی مشکلات کا رتی بھر بھی ادراک نہیں رکھتے،پسماندہ علاقوں میں جا کر عام لوگوں سے ملنا اور ان کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

اس   موقع   پر عافی بندآنے والے قبائلیوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن،آر پی او ڈیرہ غازی خان اور متعلقہ حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ کسی بھی وزیر اعلی کا کوہ سلیمان کے دور دراز علاقے عافی بند کا یہ پہلا دورہ ہے ،تین ہزار فٹ بلندی پر واقع عافی بند کوہ سلیمان کا بلند ترین علاقہ ہے،سفید کوہ بلٹ کہلانے والے علاقے میں معدنیات کے خزانے چھپے ہوئے ہیں۔