وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہ جمال روڈ پر لنگر خانے کا افتتاح کر دیا، لاہور میں مزید گیارہ لنگر خانے کھولنے کا بھی اعلان

231

لاہور،9 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شاہ جمال روڈ پر لنگر خانے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے لنگر خانے کے انتظامات کا جائزہ لیا،کھانے کا معیار چیک کیا اور لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لنگر خانے میں موجود لوگوں سے کھانے کے معیار کے بارے میں بھی پوچھا، جس پر وہاں موجود لوگوں نے کھانے کے معیار کی تعریف کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں مزید گیارہ لنگر خانے کھولنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پناہ گاہوں کے باہر بھی نادار اور غریب افراد کیلئے لنگرخانے کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں مزید پناہ گاہیں بھی قائم کر رہے ہیں، نادار لوگوں کو قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرکے اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔

  عثمان بزدار نے کہا کہ  لاہور میں 7 لنگر خانوں میں 48 ہزار افراد کو کھانا فراہم کیا گیا ہے، لنگر خانوں کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا جبکہ پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی بھی جلد وجود میں آئے گی۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔ نادار، بے آسرا اور غریب لوگوں کا خیال رکھنا بہت بڑی نیکی ہے، اللہ تعالیٰ بھی نیک کام میں برکت ڈالتا ہے۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومتوں نے کبھی کمزور طبقے کی فلاح کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، غریب اور بے سہارا افراد معاشرے کی خصوصی توجہ کے طالب ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بے آسرا طبقے کا سہارا بنی ہے۔