وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مصالحتی کمیٹی برائے پارلیمنٹیرینز کا دوسرا اجلاس

112

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کی مصالحتی کمیٹی برائے پارلیمنٹیرینز کا دوسرا اجلاس پیر کو چئیرمین کمیٹی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر ارشد داد نے اجلاس میں شرکت کی۔تحریک انصاف کی کمیٹی برائے پارلیمنٹیرینز کے قیام کا مقصد پارٹی کے نظم و ضبط کو قائم رکھتے ہوئے اراکین کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا اور پارٹی اہداف کے حصول کیلئے باہمی روابط کے فروغ کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اجلاس کے دوران اراکین پارلیمان اور جماعتی قیادت کے مابین روابط کار کو موثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی و حکومتی پالیسی و فیصلہ سازی میں جماعت و پارلیمانی نمائندگان کی آرا ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف الحمدللہ سب سے بڑی سیاسی و پارلیمانی قوت کے طور پر ابھرکر سامنے آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں جماعت کو ملک بھر میں منظم اور مستحکم بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے منشور کی روشنی میں جماعتی و حکومتی سطح پر جامع حکمت عملی وضع کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شاہ ممحمود قریشی نے کہا کہ کمیٹی کے ابتدائی اجلاس میں طے کیے گئے لائحہ عمل کے مطابق، معزز اراکین کمیٹی کی جانب سے بہت عمدہ تجاویز سامنے آئیں جن پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں، تمام توانائیاں بروئے کار لا کر منظم طریقے سے اپنے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔