وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی

234

لاہور8،ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی۔  سکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب نے بتایا کہ یہ سکیم سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اور کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے ممدو معاون ثابت ہو گی- اس سکیم کے تحت نئے کاروبار یا موجودہ کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ حاصل جا سکے گا- انھوں نے کہا کہ مرد اورخواتین کے ساتھ خواجہ سراء بھی قرضہ سکیم سے استفادہ کرسکیں گے جبکہ خواتین کے لئے مارک اپ کم رکھا گیا ہے۔

 وزیر اعلی عثمان بزدار نے پنجاب روزگار سکیم کو رواں ماہ لانچ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث کاروبار متاثر ہوئے ہیں، اب ہم اس سکیم کے ذریعے بہت بڑا ریلیف دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مارک اپ کو مزید کم کرنے کا جائزہ لیا جائے اور درخواست کو کم سے کم مدت میں پراسس کرنے کو یقینی بنایا جائے۔اس کے علاوہ  سکیم میں دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی  اور نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے پنجاب روزگار سکیم کے اہم خدوخال کے بارے میں وزیر اعلی پنجاب کو  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب روزگار سکیم کے حوالے سے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے آن لائن پورٹل بھی تیار کر لیا ہے- آن لائن پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔