لاہور، 23 ستمبر(اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سکولوں کے ہنگامی دورے کئے،جہاں انہوں نے حفاظتی انتظامات اور ایس او پیز پر پوری طرح سے عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کے لئے سکول کھلنے کے موقع پر ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ بیکن ہاؤس ڈیفنس کیمپس کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے پر سخت وارننگ دی ہے۔ ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول کھولنا وقت کی ضرورت ہے ،لیکن احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان مخصوص حالات میں میرے سمیت سکول ایجوکیشن پنجاب کی تمام متعلقہ ٹیمیں آن گراونڈ موجود ہیں۔ سکولوں کے دوروں کا مقصد صرف اور صرف ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہے۔ طلبا، اساتذہ اور ان کے خاندانوں کی حفاظت کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد و حفاظتی انتظامات کے حوالے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔