وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام  کی میڈیا سے گفتگو

92

خانیوال،13ستمبر( اےپی پی): وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ پاکستان میں گندم کی پیداوار 15لاکھ ٹن کم ہوئی  جس کی وجہ سے گندم کا شارٹ فال آیا اور یہ گندم باہر سے منگوائی  جا رہی ہے ۔ایک لاکھ 95 ہزار ٹن گندم بحری جہازوں کے ذریعے کراچی پہنچ چکی ہے جب کہ اس ماہ کے آخر تک پانچ لاکھ ٹن گندم مزید پاکستان پہنچ جائے گی جس کی وجہ سے پاکستان میں گندم کی صورتحال بہتر ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ  امید ہے کہ  بیس لاکھ سے 25 لاکھ ٹن گندم  باہر سے درآمد کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا  کہ پاکستان میں 22 ملین ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جاتی ہے جس میں سے  16 ملین ایکڑ گندم صرف پنجاب میں کاشت کی جاتی ہے۔   مناسب بیج، کھاد  اور  دیگر ذرائع استعمال کرکے گندم کی پیداوار بہتر کی جا سکتی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار  وفاقی وزیر  برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سیدفخرامام نے نے نمبر داروں  کے حلف برداری کی تقریب کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمبر داری نظام  بہترین نظام ہے  جس میں ریونیو بہتر طریقے  سے اکٹھا کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی نمبر دار دیہات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں  اور وہ ان مسائل کو گاؤں میں رہ کر  بہتر طریقے  سے حل کر سکتے ہیں ۔ہمیں نمبرداروں کے  حقوق کے لیے  مل کر  جدوجہد کرنی ہوگی۔