پشاور؛حیات آباد کے رہائشی علاقہ میں قائم منشیات فیکٹری سیل، دو ملزمان گرفتار

112

پشاور، 10 ستمبر(اے پی پی): پولیس نے  اہم کارروائی کرتے ہوئے حیات آباد کے رہائشی علاقہ میں قائم منشیات فیکٹری سیل کر دی، کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ہے جس دوران ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان گرفتار بھی کئے گئے۔

کارروائی سے متعلق ایس پی کینٹ حسن جہانگیر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا  کہ ملزمان نے حیات آباد کے رہائشی علاقے میں 55 ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر گھر حاصل کیا تھا، دونوں ملزمان کچھ عرصہ قبل جیل سے رہا ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں ہیروئن وغیرہ تیار کرنے کے بعد قیمتی گاڑی کے ذریعے سمگل کی جاتی تھی، فیکٹری سے ڈھائی کلو گرام اعلی کوالٹی ہیروئن، 5 کلو گرام چرس اورتین کلو گرام کیمیکل بھی برآمد کیا گیا ہے، فیکٹری کیلئے را مٹیریل افغانستان سے سمگل کیا جاتا تھا۔

ایس پی کینٹ حسن جہانگیر نے بتایا کہ فیکٹری سے دوران کارروائی ہزاروں روپے مالیت کی آئس و افیون سمیت ہیروئن تیار کرنے میں استعمال ہونے والی مختلف مشینری بھی برآمد ہوئی ہے۔کارروائی کے دوران پکڑے گئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔