پشین کے عوام اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر انہیں زندگی بھر کیلئے معذور بنانے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں:ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری

194

پشین،21 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے کہا ہے کہ پشین کے عوام اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر انہیں زندگی بھر کیلئے معذور بنانے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کے دوران کیا, اس موقع پر انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سعیدمیروانی ، محکمہ صحت کے نمائندے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے پشین کے عوام پر زور دیا کہ وہ اس قومی کاز میں حکومت کا ساتھ دیکر اپنا فریضہ ادا کریں، انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی اور متعدی مرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ   ضلع پشین میں تمام احتیاطی تدابیر کی بنیاد پر ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں،  انہوں نے ضلع پشین بھر کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے والدین، سیاسی اور مذھبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علماء کرام، میڈیا، وکلاء، اساتذہ کرام اور معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کہ وہ پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ضلع پشین کی آئندہ نسل کو پولیو کے خطرات سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔