ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے تاجر تنظیموں کے رہنماوں کے وفد کی ملاقات

77

ملتان، 11ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے تاجر تنظیموں کے رہنماوں کے وفد نے جمعہ کو یہاں  ملاقات  کی۔دورانِ ملاقات  ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا عندیہ دیا اور کہا کہ کسی شخص کو فٹ پاتھوں اور سڑکوں پردوکانیں سجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتظامیہ عاشورہ محرم اور سیلاب کے حوالے سے انتظامات مصروف تھی ،اب تجاوزات کے خاتمے پر مکمل توجہ دی جائے گی۔

عامر خٹک نے کہا کہ تاجر برادری کے تعاون کے بغیر تجاوزات کے خاتمے کے خلاف مہم نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو گی،تجاوزات مہم سے متاثر ہونیوالوں کو روزگار کمانے کے لئے متبادل جگہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  دوعشروں بعدویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی میں انقلابی تبدیلی آئی ہے،کمپنی کے ہیومن ریسورس میں اضافہ اور مشینری،کنٹینر اور ویسٹ بِن خریدی گئی ہیں ، تاجری برادری مارکیٹوں کا کوڑا اور کچرا ویسٹ بِن میں ڈال کر تعاون کرے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجر برادی شجرکاری مہم میں ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کا دست و بازو بنے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج ملتان شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے لئے پارلیمنٹرین اور انتظامیہ میگا فنڈز کے حصول کی کوشش کررہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ میں 15 کروڑ روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کی نوید بھی  دی اور کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ میں میں ترقیاتی کاموں کا ٹینڈر جلد جاری کر دیا جائے گا،جنرل بس اسٹینڈ میں قائم مارکیٹوں میں ٹف ٹائل،پختہ سڑکیں،سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی جبکہ جنرل بس اسٹینڈ میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ غلہ منڈی ،لوہا مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ شہر سے باہر منتقل کرنا چاہتی ہے، تاجربرادری اس سلسلے میں انتظامیہ کو اپنی تجاویز پیش کرے۔انہوں  نے کہا کہ دن کے اوقات میں لوڈ ٹرالیوں اور ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلہ پر پابندی پر عملدرآمد ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے،سی ٹی او کو ہیوی ٹریفک کا دن میں داخلہ بند کرنے کے لئے لیٹر لکھا جائے گا اور شہر میں ٹریفک جام کے ایشوز سی پی او کے نوٹس میں لائے جائیں گے، تاجررہنماوں نے کورونا لاک ڈاون کے دوران مثبت کردارادا کرنے پر  ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہر کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر عامر خٹک کا شکریہ  ادا کرتے ہیں۔

ملاقات میں تاجر رہنماوں نے اپنی مارکیٹوں کے مسائل بھی ڈپٹی کمشنر کو بیان کئے۔

وفد میں قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب کے صدرسلطان محمود اور تحسین خان بابر وفد میں شامل تھے آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدرعارف فصیح اللہ  سمیت ملتان شہر کی تمام بڑی مارکیٹوں کے صدور  شامل تھے۔

اے پی پی /ملتان/نورین