گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے نعیم پاشا کو آرکیٹیکچر کے شعبہ میں انکی اعلی ترین خدمات کے اعتراف میں قومی سول ایوارڈ سے نوازا۔

254

پشاور،07 ستمبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں صدارتی ایوارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکٹ نعیم پاشا کو صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے جدت وروایت کے حسین امتزاج پرمبنی تعمیراتی ڈیزائنگ کے خالق نعیم پاشا گذشتہ 50 سال سے آرکٹیکچرنگ کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور اس عرصہ میں انہوں نے پاکستان میں کے کئی بڑے منصوبوں کی ڈیزائنگ کی جنہیں اپنے شاندار طرز تعمیر کے باعث قومی اوربین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نیشنل گیلری آف آرٹس سرفہرست ہے، ان کے دیگر پراجیکٹس میں پشاور میوزیم کے توسیعی حصہ، پشاور یونیورسٹی کے شعبہ آثار قدیمہ، رسالپور میں اصغر خان پاکستان ائرفورس کی ٹریننگ اکیڈمی، اسلام آباد میں سٹیٹ لائف بلڈنگ، سینٹ تھامس چرچ اور آرٹس اینڈکرافٹس ویلج کی ڈیزائننگ شامل ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اس موقع پر صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے پرنعیم پاشا کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹرثناء اللہ عباسی، انتظامی سیکرٹریز اور ایوارڈ وصول کرنے والے کے عزیزواقارب نے شرکت کی۔