منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم ،مافیا کی گردن پرہاتھ ڈالیں گے :ڈاکٹراخترملک

0
65

ملتان،17اکتوبر  (اے پی پی):پنجاب حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک کو ملتان میں قیمتوں پرکنٹرول کے لیے ہدایات جاری کردیں ۔وزیراعلیٰ کے احکامات کے بعد وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک کی زیر صدارت منتخب ممبران اسمبلی اور سرکاری افسران کااجلاس منعقدہوا ۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر ملک نے مہنگائی پر سخت تشویش کا اظہارکرتے  ہوئے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے حکومت کی ساکھ متاثر ہورہی ہے،منتخب نمائندے عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی فرد کو ذخیرہ اندوزی کرکے مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈاکٹراخترملک نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ میں ہفتے میں دو دن ملتان کی مارکیٹوں میں ریٹ مانیٹر کرونگا،مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالے مافیا کی گردن پر ہاتھ ڈالا جائے گا، ڈاکٹراختر ملک نے مزیدکہاکہ29 لاکھ ٹن گندم در آمد کی جا چکی ہے، حکومت 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کررہی ہے۔