کوئٹہ، 16اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ انڈیا سالانہ 5سو ملین ڈالر بلوچستان میں امن وامان کو خراب کرنے کے لئے خرچ کررہا ہے، اس لیے دہشتگرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تربت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 7 ایف سی اہلکار شہید ہوئے، گزشتہ روز واقع کی ذمہ داری براس نامی دہشتگرد تنظیم نے قبول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر دہشتگرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں صوبے میں دہشتگردی میں کمی آئی ہے لیکن ہم اسے مکمل دہشتگردی سے پاک قرار نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے کہ ہمارے طاقتور دشمن ملک کی کوششوں کے باوجود ہماری فورسز نے دہشتگردی کو کنٹرول کیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا مکران ڈویڑن میں زیادہ کارروائیاں سی پیک کو ناکام کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی بار افغانستان کے ساتھ باڈر پار دہشتگردوں کے بارے میں بات کی لیکن کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا ۔