بلاول بھٹو اپنے بیانات کے ذریعے بھارت کے بیانئے کے حصہ داربن رہے ہیں :وزیرخارجہ  شاہ محمو د قریشی

317

ملتان،18اکتوبر  (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو اپنے بیانات کے ذریعے بھارت کے بیانئے کے حصہ داربن رہے ہیں انہیں ایسانہیں کرناچاہیے، بلاول کشمیریوں کومایوس نہ کریں اوران کی جدوجہد کودھکانہ دیں ،پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے ،ہم نے ایک سال میں تین مرتبہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھایاجوماضی میں پس پشت چلاگیاتھا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوارکے روزملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بلاول بھٹونے گوجرانوالاکے جلسے میں کشمیر کاذکرکرتے ہوئے کہاتھاکہ پاکستان کشمیر پرخاموش رہا۔انہوں نے کہاکہ بلاول جس آرٹیکل 370کی بات کررہے ہیں اس کی ہمارے نزدیک پہلے بھی کوئی وقعت نہیں تھی اوراب بھی کوئی وقعت نہیں لیکن بھارت نے جب کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی تووزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں اورمیں نے جنیوامیں یہ مسئلہ اٹھایا،ہم نے سلامتی کونسل میں بھی کشمیریوں کے حقوق کی بات کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ عوام اپوزیشن کواچھی طرح سمجھتے ہیں عوام کومعلوم ہے کہ اپوزیشن جوالزامات لگارہی ہے ان کی کوئی حیثیت نہیں اورجن مسائل کاذکرکیاجارہاہے وہ گزشتہ دوسال کے دوران پیدانہیں ہوئے جومشکلات ہیں اورجومسائل ہیں ان کی تہہ تک جائیں تواس کی ذمہ داری موجودہ حکومت کے دوبرسوں پرنہیں بلکہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی پرعائد ہوتی ہے جواقتداکی باریاں لگارہی تھیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام نے ان دونوں بڑی جماعتوں کو ایک ایک موقع دیالیکن انہوں نے عوام کومایوس کیا۔لوگ یہ بھی جانتے ہیں کہ پی ڈی ایم ایک منتشراتحادہے ،ایک وقتی اتحادہے ،یہ ایک غیرفطری اتحادہے ،ان کانہ جھنڈاایک ہے نہ لیڈرایک ہے نہ نظریہ اورمنشورایک ہے ۔یہ مختلف الخیال لوگ ہیں جوخوف سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اورخوف یہ ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کے جومقدمات ہیں وہ اپنے منطقی انجام کوپہنچ رہے ہیں ان کے خلاف ایک بھی مقدمہ مقدمہ عمران خان کاتیارکردہ نہیں یہ خودانہوں نے ایک دوسرے کے خلاف قائم کئے ،اب انہیں اپناسیاسی مستقبل تاریک دکھائی دے رہاہے ،انہیں عوام کافیصلہ ہضم نہیں ہورہا۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ یہ پرانے کھلاڑی عمران خان کو سنجیدہ نہیں لے رہے تھے ،عمران خان نے اپنی محنت سے گراس روٹ کی سطح پرپارٹی کھڑی کی اوران کھلاڑیوں کو کلین بولڈکردیا۔جنہیں کلین بولڈکیاوہ گوجرانوالاکے سٹیج پرموجودتھے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بلاول بھٹو سے یہ پوچھناچاہیے کہ آپ کی پارٹی12سال سے سندھ  میں حکومت کررہی ہے ماضی میں وہ ذوالفقارعلی بھٹو اوربے نظیر بھٹوکے نام پرکئی بارووٹ لے چکے ہیں ۔وہ اورکتنی بار ان کے نام پرلوگوں کو بے وقوف بنائیں گے لوگ باشعورہیں وہ نا سمجھ نہیں ہیںوہ اپنافیصلہ خودکرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کے جلسے میں سب ایک دوسرے سے لاتعلق نظرآرہے تھے جب نواز شریف کی تقریر پر(ن) لیگ کے کارکن تالیاں بجارہے تھے توپیپلزپارٹی کے کارکن خاموش تھے ،بلاول کی تقریر پرن لیگ کے کارکنوں نے سٹیڈیم سے جانا شروع کردیااورجب فضل الرحمن آئے توسٹیڈیم خالی تھا اوروہ خالی سٹیڈیم میں تقریر کرتے رہے ،ہم نے ان لوگوں کو مکمل فری ہینڈدیاتھا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نظام کے خلاف سازش کررہی ہے لیکن اگرایک منتخب حکومت کواس طرح رخصت کیاگیااوریہ رواج پڑگیاتویہ نظام کیسے چلے گا،سیاسی استحکام کیسے پیداہوگاآپ ایک حکومت کو رخصت کریں گے تودوسری کے خلاف سازش شرو ع ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن معیشت کے خلاف بھی سازش کررہی ہے معیشت کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں پیداکی جارہی ہیں ۔مجھے یقین ہے کہ تاجربرادری اس سازش کاحصہ نہیں بنے گی ۔