جلالپورپیروالا،13 اکتوبر(اے پی پی ):سی پی او ملتان حسن رضا خان نے رکن قومی اسمبلی و چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے استحقاق رانا محمد قاسم نون کے ہمراہ تھانہ سٹی میں کھلی کچہری لگائی، کھلی کچہری کی اطلاع پر بڑی تعداد میں لوگ کھلی کچہری میں پہنچ گئے اور شکایات کے انبار لگادئیے۔ سی پی او ملتان نے تمام متاثرین کی شکایات سنیں اور موقع پر احکامات جاری کیے، زیادہ تر شکایات لڑائی جھگڑوں اور پولیس کے تفشیسی آفیسران کے خلاف تھیں۔
بعد ازاں میڈیا بریفنگ کے دوران سی پی او ملتان کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا کے باعث طویل عرصہ کھلی کچہریاں نہیں لگاسکے، اب انشااللہ ہر ماہ دو مرتبہ جلالپورپیروالا میں کھلی کچہریاں لگائیں گے اور عوام کو ہر صورت انصاف فراہم کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کو انصاف فراہم کرنے کا آسان ذریعہ ہیں انشااللہ عوام کو انصاف کی فراہمی کےلیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ عوام نے سی پی او ملتان سے مطالبہ کیا کہ جلالپورپیروالا سرکل میں نفری زیادہ دی جائے اور گشت کےلیے نئی گاڑیاں دی جائیں۔