پشاور، 30 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت اور انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے۔ آپ ﷺ کی محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی نے عید میلادالنبی کے حوالے سے پشاور کے پناہ گاہ میں منعقد تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر وزیراعلی نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں مقیم مہمانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔
وزیراعلی نے پناہ گاہ میں مقیم مہمانوں سے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی، جس پر مہمانوں نے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
تقریب میں سکول کے بچوں نے نعت شریف پیش کی اور سیرت نبی پر تقاریر کیں۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کیساتھ صوبائی کابینہ ممبران کامران بنگش، شوکت یوسفزئی، ممبران صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی اس تقریب میں شریک تھے۔