حیدرآباد،30اکتوبر (اے پی پی):جشنِ آمد رسولﷺ ، سرکار کی آمد مرحبا کی گونج ،فرانس کے خلاف نعرے ، دنیا بھر کی طرح حیدرآباد اور اندرونِ سندھ جشن عید میلاد النبی ﷺ جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ، عاشقانِ رسولﷺ سرکار کی آمد مرحبا ، نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالتﷺ کے علاوہ فرانسیسی صدر کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔
حیدرآباد ،جام شورو ، کوٹری ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الہیار ، مٹیاری ، ہالا ، سعید آباد سمیت ریجن کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے گئے اور محافل میلاد النبیﷺ منعقد ہوئیں جبکہ غریبوں و مستحقین اور جلوس کے شرکاءمیں کھانا ، شیرنی اور دیگر تحائف تقسیم کئے گئے۔
سب سے بڑی محفلِ میلاد پکا قلعہ گراؤنڈ میں دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جبکہ شہر کے درجنوں مقامات اور مساجد میں بھی محافل نعت منعقد ہوئیں، جمعہ کو عید میلاد النبی کا سب سے بڑا جلوس لطیف آباد نمبر8باغِ مصطفی سے برآمد ہوا ،یہاں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے پرچم کشائی کرکے جشنِ عید میلاد النبیﷺ کا افتتاح کیا جو لطیف آباد کے تمام یونٹس سے ہوتا ہوا شہر پہنچا اور مکی شاہ روڈ ، قاضی عبدالقیوم روڈ ، رسالہ روڈ ، اسٹیشن روڈ سے ہوتا ہوا واپس لطیف آباد پہنچ کر اختتام ہوا جبکہ پھلیلی تانگہ اسٹینڈ ، مدینہ مسجد سرے گھاٹ اور تکونی مسجد ہیر آباد سے بھی بڑے بڑے جلوس نکالے گئے۔
دعوت ِاسلامی کے تحت فیضانِ مدینہ سے جلوس نکالا گیاجو آفندی ٹاؤن ، ڈومنوا روڈ ، ٹمبر مارکیٹ ، تلک چاڑی سے ہو تا ہوا اسٹیشن روڈ پہنچا تکونی مسجد سے نکالے جانے والے جلوس کی قیادت ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی۔
بعد ازاں کوہ نور چوک پر جلسہ منعقد ہوا حیدرآباد میں 7سو سے زائد چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے اور درجنوں مقامات پر محافل نعت منعقد ہوئیں۔ جلوس کے راستوں میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں ، سماجی و نوجوانوں کی انجمنوں کی جانب سے کیمپس لگائے گئے تھے۔
جشنِ عید میلاد النبی کے تمام جلوس و تقریبات پرامن طور پر اختتام ہو گئے اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔