خاتم النبین حضور اکرم ﷺ کی اسوہ حسنہ مشعل راہ ہے؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

335

عارف والا،16 اکتوبر(اے پی پی ): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خاتم النبین حضور اکرم ﷺ کی اسوہ حسنہ مشعل راہ ہے، حضور اکرم کی تعلیمات کے تحت روز مرہ کے معمولات انجام دینے سے کامیابیاں ملتی ہیں، مذہب اسلام کے افکار کے مطابق بے لوث انسانیت کی خدمت مشکلات کی گرداب سے نکال دیتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرور فاونڈیشن کے زیر اہتمام عارفوالا کے نواحی گائوں 2/E.B   میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ نے فرنٹ فٹ پر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اور عوام کو راشن فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر طرح کی خدمت کی۔انہوں نے  کہا کہ  2005 کے زلزلے کے دوران سٹرکچر تباہ ہوگیا تھا اور کورونا وبا کے دوران بھی عجب کیفیت طاری تھی، اداروں اور عوام کی طاقت سے ہر کڑے وقت کا مقابلہ کیا اور کامیابیاں حا صل کیں، اللہ کے فضل وکرم سے اور قوم کے بلند عزم کی بدولت تمام مشکلات سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

 گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دنیا میں کورونا وبا کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور ہمیں پہلے کی طرح بلند ہمت کے ساتھ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا اوراس کو شکست سے دوچار کرنا ہے اور اس مقصد کے تحت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اس پر سو فیصد عمل درآمد کریں، سماجی فاصلہ رکھیں، مصافہ اور بغل گیر ہونے سے اجتناب کریں،ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔

 گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سرور فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے عوامی فلاح و بہبود کی سر گرمیاں جاری رہیں گی اور ان میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا سلسلہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کی فلاح بہبود کے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جہاں ان کی ہر ممکن طریقے سے مدد کی جائے گی،انسانیت کی خدمت سرور فاونڈیشن کا نصب العین ہے۔

 آخر میں انہوں نے اجتماعی شادیوں میں دلہن کو تحائف پیش کیے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان، ڈی پی نجیب الر حمن بگوی، اسسٹنٹ کمشنر عارفوالہ علیزہ ریحان، سی او ایم سی عارفوالہ نوید سلانی، سابقہ ضلعی ناظم میاں امجد جوئیہ، ڈوثیر نل چیرمین سرور فاونڈیشن چوہدری واجد محمود بھی موجود تھے