سکھر،12اکتوبر(اے پی پی ):آمدن سے زائد اثاثاجات ریفرنس میں خورشید احمد شاہ پر فرد جرم عائد ہونے کا معاملہ اگلی پیشی تک ملتوی جبکہ احتساب عدالت نے نیب کو حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دیدی، گذشتہ پیشی پر نیب کی جانب سے حتمی ریفرنس داخل کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی، عدالت نے آج تک فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
احتساب عدالت کے جسٹس فرید انور قاضی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حتمی ریفرنس دائر کرنے کی اجازت دیدی، احتساب عدالت نے سنوائی 24 اکتوبر تک ملتوی کردی، خورشید احمد شاہ کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا عبوری ریفرنس پہلے ہی داخل ہے۔ خورشید احمد شاہ کے وکلاءکی جانب سے عبوری ریفرنس کو ہی حتمی طور پر تسلیم کرنے پر زور دیا گیا تھاجبکہ نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں مزید افراد اور اثاثاجات کی تفصیل کو شامل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔