خیبر پختونخوا میں پولیس کو باختیار بنا کر ایک بہترین فورس بنایا گیا: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان  

101

پشاور،22اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پولیس افسران اپنے پیشہ ورانہ رویہ و کردار سے خود کو اپنے ماتحت عملہ اور شہریوں کیلئے رول ماڈل بنایئں کیونکہ پرامن معاشرے کے قیام اور جرائم کی بیخ کمی میں محکمہ پولیس کا اہم کردار ہے۔

 ان خیالات کا اظہار گورنر شاہ فرمان نے47ویں اے ایس پیز اسپیشلائزڈ تربیتی کورس کے شرکاء کی ان سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس تربیتی کورس کے شرکاء میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے  اے ایس پیز شامل تھے۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے تربیتی کورس کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہا کہ اختیارات کی منتقلی مشکل کام ہوتا ہے لیکن ہم نے پولیس کو مکمل با اختیار بنایا۔ لیکن پولیس فورس نے اختیار کا درست استعمال اور اخلاقانہ رویہ کو سب سے بڑے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔

 گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جرائم کی روک تھام اور دور حاضر کی معاشرتی برایئوں سمیت مختلف چیلینجز کا سامنا ہے اسلئے نوجوان پولیس آفیسرز اپنے پیشہ کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے محنت اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایئں۔

گورنر شاہ فرمان نے مزید کہا کہ معاشرتی روایات کی پاسداری، اکابرین سے رابطہ پولیس کے پیشہ ورانہ فرائض ادایئگی کیلئے انتہائی مفید ہے۔ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بےپناہ قربانیاں دی ہیں۔