سبسڈائز آٹا بلیک میں فروخت کرنیکی غرض سے سمگل کرنیکی کوشش ناکام،محکمہ خوراک نے سبسڈائز آٹے سے بھرے ڈاٹسن کو تحویل میں لے لیا

91

پشاور، 7اکتوبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے کی غرض سے آٹا ضلع مہمند سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

 وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان کو اطلاع ملی تھی کہ شام کے وقت مخصوص مافیا کی جانب سے سبسڈائز آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے کیلئے ضلع مہمند سمگل کیا جائیگا جس کو مصدقہ جان کر محکمہ خوراک کے افسران کو کارروائی کی ہدایت کی گئی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے مقامی پولیس کے ہمراہ چارسدہ روڈ پر ناکہ بندی کی اور سبسڈائز آٹے سے بھرے ڈاٹسن کو تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ داؤد زئی میں مراسلہ جمع کردیا جس کو ایک ہفتے کیلئے جیل منتقل کیا جائیگا۔

محکمہ خوراک نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ڈیلر سرکاری آٹے کو پنجاب کے تھیلوں میں بند کر کے مہنگے داموں فروخت کرنے میں ملوث ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے بتایا کہ کسی کو بلیک میں آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ اس کے مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی قانون کی آنکھ سے اوجھل نہیں جبکہ محکمہ خوراک کے افسران سرکاری آٹے کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔