سکھر،19اکتوبر(اے پی پی): سندھ فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا آغازکر دیا ہے ،مرچیں بنانے والی دو فیکٹریاں سیل کر کے لاکھوں روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھراور گردونواح میں غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کی بڑھتی ہوئی شکایات پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے عام استعمال کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ایک ٹیم نے سکھر کے علاقے گولیمار میں واقع مرچیں بنانے والی دو فیکٹریوں پر اچانک چھاپے مارے، چھاپے کے دوران ٹیم کو مرچوں میں چوکر اور بھوسہ کی ملاوٹ نظر آئی جس پر ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں فیکٹریوں کو سیل کردیا اور ان کے مالکان پر تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے مطابق چھاپے کے دوران فیکٹریوں میں سے مرچوں کے سیمپلز بھی حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ فیکٹریوں میں سے بھوسے اور چوکر کی بوریاں بھی ملی ہیں جو تحویل میں لے لی گئی ہیں ان کا کہنا تھا کہ مرچوں کا معیار دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ انسانی صحت کے لیے بہت نقصاندہ ثابت ہوتی ہوں گی۔











