گلگت،3اکتوبر (اے پی پی):گلگت بلتستان بار کونسلز نے جن میں سپریم اپیلٹ کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن شوکت علی ایڈووکیٹ ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کمال ایڈوکیٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران ایڈوکیٹ شامل تھے نے ہفتہ کو گلگت پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے احکامات اور سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کے لئے وفاقی حکومت کی پالیسی کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کےبعد گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں عبوری صوبہ بنایا جائے گا۔