عارفوالا ؛ ” غلامی رسولﷺ میں موت بھی قبول ہے ” ناموس رسالت ﷺ کے سلسلہ میں احتجاجی مظاہرے

291

عارفوالا،31 اکتوبر(اے پی پی ): ناموس رسالت ﷺ کے سلسلہ میں دو مختلف مقامات پر  احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جماعت اسلامی عارفوالا نے ضلعی رہنماء عبد الرزاق خلیل اور رانا معروف خان کی زیر قیادت جناح چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا،  دوسرا احتجاج   غلہ منڈی میں مرکزی انجمن آڑھتیاں، لیبر یونین، فرٹیلائزر اینڈ پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور  پر  کیا۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے  اور بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، عاشقان رسولﷺ کے نعرے” غلامی رسولﷺ میں موت بھی قبول ہے ” اور درود و سلام سے فضا گونج اٹھی، مظاہرین شرکاء سے جماعت اسلامی کے رائو عبد الرحمان ، سماجی رہنما اظہر محمود اجی خان ، سابق صدر انجمن آڑھتیاں میاں عبدالرحمان وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شان نبی اکرم ﷺ کی خاطر ہم اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ،محبوبﷺ خدا  کی حرمت و عظمت کی خاطر ہم کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  گستاخ فرانسیسی صدر اور  خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر  فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے حکومت وقت فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرے۔