عارفوالا: جشن عید میلاد النبی ﷺ پر مرکزی جلوس جامع مسجد غلہ منڈی سے  بر آمد

99

عارفوالا، 30 اکتوبر (اے پی پی ):  جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس جامع مسجد غلہ منڈی عارفوالا سے جماعت اہلسنت پنجاب کے آرگنائزر پیر سید خلیل الرحمان بخاری کی زیر قیادت  نکالا گیا، جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے  شرکت کی ۔شرکا نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے  تھے جن پر آمد مصطفے ٰﷺ کی تحریریں درج تھیں۔ جلوس میں عاشقان رسولﷺ نے پیدل ،موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے شرکت کی ۔

جلوس میں درود وسلام کے ترانے گونجنے سے فضاء معطر ہوگئی ،جلوس مختلف راستوں سے گزر کر چوک شفیع شادی پہنچا جہاں پر ملک کے نامور مقرر مفتی آصف اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار مدینہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کی آمد سے دنیا میں ظلم و ستم کے بادل چھٹ گئے اور اسلام کا جھنڈا بلند ہو گیا نبی اکرم نور مجسم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔جلوس میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے دعا کی گئی جلوس کے ہمراہ پولیس کی نفری بھی جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی۔