عوام تک معیاری اور مصدقہ معلومات کی فراہمی کیلئے پیمرا نے مانیٹرنگ کا اعلی  میکانزم قائم کیا ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

339

اسلام آباد، 14 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام تک معیاری اور مصدقہ معلومات کی فراہمی بہت اہم ہے،جس کیلئے پیمرا نے مانیٹرنگ کا اعلی  اور معیاری میکانزم قائم کیا ہے۔

بدھ کو یہاں  پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزارت ہونے کے باعث پیمرا کے ساتھ ہمارا رابطہ اور اشتراک بہت اہم ہے۔ یہ رابطہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ اور معلومات کے تبادلے کیلئے نہایت ضروری ہے۔

وزیر اطلاعات  نے کہا کہ پیمرا  احسن انداز سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے،امید ہے  وقت کیساتھ پیمرا کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی، وزارت اطلاعات اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ  ایسے مواد کو سامنے لایا جائے جو  ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کے مطابق اور عوامی و ملکی مفاد میں ہو،امید ہے کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی خلوص اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے گا تاکہ اس سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز اور پاکستان کی عوام مطمئن رہے۔

وفاقی وزیر نے  ہدایت دی کہ  پیمرا عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرے۔اس سے قبل وزیر اطلاعات کو چیئرمین پیمرا کی جانب سے ادارے کی ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی  بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے پیمرا مانیٹرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔