مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے ٹیکنیکل تعلیم اور ٹریننگ دی جائے گی تاکہ صوبے میں ماہر ورک فورس میں اضافہ ہو: تیمور سلیم جھگڑا

53

پشاور، 21اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر ہی پائیدار ترقی کے ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ ہنر مند ورک فورس صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریگی۔

ان خیالات کا اظہار تیمور جھگڑا نے سینٹر آف ایکسیلنس پشاور کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان اور جرمن سفیر برن ہارڈ شاگلہک نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر نے کہا کہ اس سینٹر آف ایکسیلنس میں اعلیٰ معیار کی ٹیکنیکل تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی اور ٹیکنیکل ٹیچرز ٹریننگ سینٹرز میں موجود لیبارٹریوں کو اپگریڈ کیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ سینٹر آف ایکسیلنس کے فعال ہونے سے صوبے کے صنعتی شعبے کو ماہر ورک فورس ملے گی اور یہ منصوبہ یورپین یونین، نارویجین اور جرمن حکومتوں کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس 17 اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریوں پر کام جاری ہے اور اگلے چند ماہ میں مزید ٹیکنیکل لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں مالاکنڈ سے صحت کارڈ کا اجراء کر رہے ہیں اور جنوری تک صوبے کی تمام آبادی کو صحت کارڈ مہیا کر دیا جائے گا۔جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم و تربیت کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔