کراچی، 19 اکتوبر(اے پی پی ) : پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی کیجانب سے اپنی تقریر کے دوران اُردو زبان کی تذلیل کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے وزراءارسلان تاج اور شہزاد قریشی نے ایک مذمتی قرارداد سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق کو جمع کروائی ۔
قرار داد جمع کروانے کے بعد اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ارسلان تاج نے کہا کہ آج سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروانے کا مقصد یہ ہے کہ کل پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی نے اپنی تقریر کے دوران اُردو زبان کی جو تذلیل کی ہے وہ قابل ِمذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُردو زبان ہماری قومی زبان ہے اور اسکی تذلیل کرنا آئین ِ پاکستان کے آرٹیکل 251 کی تذلیل کرنا ہے جسکے کے تحت اُردو زبان کو قومی زبان کے طور پر نافظ کیا گیا ہے ۔
ارسلان تاج کا مزید کہنا تھا کہ جو زبان محمود اچکزئی نے استعمال کی ہے میں اُسکی بھر پور مذمت کرتا ہو اور مطالبہ کرتا ہوں کہ محمود خان اچکزئی کے خلاف سنگین کاروائی کی جائے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک ِ انصاف کے رہنما شہزاد قریشی نے کہا کہ اُردو ہماری قومی زبان ہے جو تمام صوبوں میں رہنے والوں کی یکجاں کرتی ہے اور اپنی قومی زبان کے بارے میں ایسے الفاظ ہم بالکل برداشت نہیں کرینگیں ۔











