محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام تاریخی شہر پشاور کی فیملیز کیلئے تاریخی مقامات کی سیر کا اہتمام 

116

پشاور، 18اکتوبر(اے پی پی): کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام خواتین ممبران اسمبلی، فیملیز اور خواتین فنکار و گلوکار سمیت سیاحوں کو عجائب گھر، تحصیل گورگٹھڑی، تاریخی سیٹھی ہائوس، گھنٹہ گھر کی سیر آج کرائی گئی۔ ٹور پروگرام میں بچے بڑے سب ہی مسجد مہابت خان کی نقش و نگاری دیکھ کر محظوظ ہوئے جبکہ فن تعمیر کی شاہکار سیٹھی حویلی میں روایتی رباب کی دھنوں نے سماں باندھ دیا۔

سیاحوں نے گندھارا تہذیب والے شہر کے سفر سے خوب لطف اٹھایا اور انکو تاریخی مقامات کے حوالے سے محکمہ کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔ٹورازم اتھارٹی نے تاریخی مقامات کی سیر میں ایک محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا جسکو پشتو کی معروف گلوکارہ لیلا خان نے جان بخشی، بعدازاں پروگرام میں گلوکارہ کو سفیر پشاور متعارف کروایا گیا۔

دورہ پشاور میں ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر آسیہ، عائشہ بانو، ساجدہ ، رابعہ بصری، مدیحہ خان اور ڈاکٹر سمیرہ شمس سمیت پشتو گلوکارہ لیلا خان اور فنکار شازمہ حلیم بھی شامل تھیں۔