مری، 30اکتوبر(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح مری میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺمذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد مری کے مختلف علاقوں کشمیری بازار، باڑیاں پو ٹھہ شریف نمبل پھگواڑی اور دیگر علاقوں سے شمع رسالت کے پروانوں کے چھوٹے بڑے جلوس مری پہنچے جہاں سے عید میلاد النبی کا ایک بڑا جلوس مرکزی جامع مسجد غوثیہ سے بر آمد ہوا جو کینٹ مارکیٹ مرحبا چوک تحصیل روڈ موچی منڈی صدیق چوک لوئر بازار سے ہوتا ہوا جی پی او چوک پہنچا ، جلوس کی قیادت امجد ارباب عباسی، سید وفاءالحق بخاری سید رضاء المصطفے بخاری ارشد عباسی و دیگر کر رہےتھے، شرکاء جلوس نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈ اور سبز جھنڈے اٹھا رکھےتھے جن پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعرے درج تھے۔
ہزاروں کی تعداد میں شرکاء جلوس آمد مصطفے مرحبا مرحبا غلامی رسولﷺ میں موت بھی قبول ہےاور اس طرح کے دیگر نعرے لگا رہے تھے، جی پی او چوک میں ایک بڑی ناموس تحفظ مصطفے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام مشائخ عظام اور سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ولادت و با سعادت امت کے لئے باعث رحمت ہے اسی لئے حضورﷺکوکے رحمتہ العالمین ہی اس عظیم موقع پر تجدید عہد کریں کہ امت محمدیہ حضورﷺ نقش قدم بر چل کراس معاشرے کو امن کا گہوارہ بنائیں ، اسی میں ہماری نجات ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حضورﷺ جب اس دنیا میں تشریف لائے تو ہر طرف ظلم ناانصافی اور بر بریت کا دور تھا آپﷺ نے اسلامی تعلیمات کے ذریعے ایک ایسا اسلامی معاشرہ قائم کیا جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔
اس موقع پر فرانس میں حضورﷺ کے خاکے بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ گیا کہ فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کئے جائیں۔