مسلم لیگ (ن)کی سیاست ختم ہوچکی ،20فروری 2021سے پہلے ملک کے حالات نارمل ہوجائیں گے؛وفاقی وزیر شیخ رشیداحمد

306

ملتان ،14اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی سیاست ختم ہوچکی ہے، وزیراعظم عمران خان اپنی موثرحکمت عملی کے تحت اسی سال مہنگائی پرقابوپالیں گے ، 31دسمبرسے پہلے جھاڑوپھرجائے گااور20فروری 2021سے پہلے ملک کے حالات نارمل ہوجائیں گے،مارچ میں ہونے والے سینٹ کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی سب سے زیادہ نشستیں ہوں گی۔چند ماہ کے اندر ایک ہی شاٹ میں تمام ریلوے کے ریٹائرڈملازمین کی پنشن اداکردی جائے گی۔ ریلوے ایک قومی ادارہ ہے اوراس کی بہتری کے لئے میں دن رات سرگرم عمل ہوں۔

بدھ کو ملتان ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشیداحمد نے مزید کہا کہ ملکی سیاست گرما گرمی کی طرف جارہی ہے ،دودن بعداپوزیشن کو پتہ چل جائے گاکہ وہ کس پانی میں کھڑے ہیں،یہ لوگ وزیراعظم عمران خان جتنے لوگ اکٹھے کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہاکہ حکومت مخالف سیاسی سرگرمیوں میں سارامجمع مولانا فضل الرحمن کاہوگا باقی سیاسی پارٹیاں جمعہ جنج کے ساتھ کھڑی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کی سیاست ختم ہوچکی ہے اوریہ ملکی اداروں کے خلاف بیان بازی کرناشروع ہوگئے ہیں ۔شریف برادران ضیاءالحق کی نرسری میں پلے ہیں اوریہ جی ایچ کیوکے گیٹ نمبر4کی پیداوارہیں ،جنرل جیلانی سے پہلے اس خاندان کی کوئی خبرمیڈیا پرنہیں چھپتی تھی اوران کوکوئی جانتانہیں تھا۔

شیخ رشیدنے کہاکہ شریف برادران نے سیاست کوبزنس بنالیاہے ،عدالتیں ان کے حق میں فیصلے دیں توٹھیک ہے ورنہ یہ میٹھامیٹھا ہپ ہپ ،کڑواتھوتھوکردیتے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ عمران خان اسی سال مہنگائی پرقابوپالیں گے اورعوام کو جلد ریلیف ملے گا۔وفاقی وزیرریلوے نے کہاکہ 31دسمبرسے پہلے جھاڑوپھرجائے گا،20فروری 2021سے پہلے ملک کے حالات نارمل ہوجائیں گے اورمارچ میں ہونے والے سینٹ کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی سب سے زیادہ نشستیں ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کاکول اکیڈمی میں بہت اچھی بات کی کہ جوبھی منتخب حکومت آئے گی فوج ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

شیخ رشید نے مزیدکہاکہ اپوزیشن کی تحریکوں سے حکومت خوفزدہ نہیں کیونکہ ہم نے بھی تاریخ ساز 126دن دھرنادیاتھامگرحکومت نہیں گراسکے ۔ یہ مفاد پرست اورکرپٹ لوگوں کاٹولہ ہے جو پاک فوج ،عدلیہ اورنیب کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ مدینة اولیاءسے میرارشتہ پراناہے اورمیں یہاں پرسلک کاکاروبار کرتارہاہوں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے مجھے امید ہے کہ بلاول بھٹوزرداری سمجھ داری کامظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو جلسے جلوسوں کی مکمل آزادی ہے ۔چین کے ساتھ ہم جومنصوبے شروع کرچکے ہیں یہ پاکستان کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ کشمیر کے حوالے سے مجھے جوبھی قربانی دیناپڑی دریغ نہیں کروں گاکیونکہ میں بھی ایک کشمیری ہوں ۔