اسلام آباد،12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مہنگائی میں کمی کیلئے جامع اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ وزارتوں کے موثر اقدامات سے مہنگائی پر پا لیاجائے گا، قیمتوں میں فرق کو ختم کرنے میں ڈسٹرکٹ مارکیٹ کمیٹیز اہم اور موثر اقدامات اٹھا سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بات نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو پیر کو یہاں ان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں روزمرہ استعمال کی گھریلوں اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخرامام، مشیرتجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود،سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق، سیکرٹری صنعت وپیداوار، صوبائی چیف سیکرٹریز،مسابقتی کمیشن کے چیرمین،یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن اورادارہ شماریات کے نمایندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں آٹا، چینی اور جلد ضائع ہونے والی ضروری اشیا جیسے ٹماٹر، آلو،پیاز اورچکن کی قیمتوں میں اضافہ کا جائزہ لیا گیا اورعام صارفین کو یہ اشیا مناسب قیمتوں پرفراہم کرنے کیلئے اقدامات پرگفتگو کی گئی۔ متعلقہ وزارتوں نے اجلاس کوقیمتوں میں اضافہ کی وجوہات بشمول ماحولیاتی وجوہات کی بنا پرطلب اوررسدمیں خلیج، بین الاقوامی منڈیوں میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کے رحجان، اوربالخصوص شہری علاقوں میں ہول سیل اورریٹیل کے درمیان منافع کے مارجن بارے آگاہ کیا۔
اجلاس میں اس بات پرعمومی اتفاق کیا گیا کہ حالیہ بارشوں اورکوویڈ 19 کی وبانے صورتحال کومزیدمشکل اورگھمبیربنادیاہے۔وزیراعظم کے مشیرڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے مہنگائی میں کمی کیلئے جامع اورموثراقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اورکہاکہ قیمتوں میں فرق کوختم کرنے میں ڈسٹرکٹ مارکیٹ کمیٹیزاہم اورموثراقدامات اٹھاسکتی ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ گندم مناسب وقفہ کے بعد جاری کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتوں میں فرق کم ہوں اورناجائز منافع خوری کو بھی روکا جاسکے۔ اجلاس میں ملکی ضروریات کیلئے گندم اورچینی کی طلب کوپوراکرنے کیلئے ان کی درآمد کے نظام الاوقات کابھی جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم کے مشیرکوبتایا گیا کہ پاسکو اورصوبوں کی طلب کے مطابق بین الحکومتی سطح اوراورٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعہ 1.8 میٹرک گندم کی خریداری کی جائیگی۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ ملک میں نومبرتک چینی کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔
وزیراعظم کے مشیرنے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو اپنے سٹوروں تک ضروری اشیا کی فراہمی کے نظام کو بہتربنانے کی ہدایت کی تاکہ معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔ وزیراعظم کے مشیرنے اس اعتماد کا اظہارکیاکہ صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ وزارتوں کے موثراقدامات سے مہنگائی پر پا لیا جائے گا۔