اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ربیع کی فصل کیلئے وزیراعظم کے پیکیج کی منظوری دیدی ہے ،پیکیج کے تحت کھادوں جن میں ڈی اے ، فاسفیٹ اورپوٹاشیم شامل ہیں ، کے ہر 50 کلوگرام بوری پر1000 روپے کی اعانت (سبسڈی) فراہم کی جائے گی، وفاقی اورصوبائی حکومتیں 70 اور 30 فیصد کی حصہ داری کی بنیادپرسبسڈی دے گی،جڑی بوٹیوں کی تلفی کے ضمن میں کیمیکلز کی مد میں فی ایکڑ250 روپے اورکیڑے مارادوایات کی مد میں 150 روپے کی اعانت فراہم کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کاخصوصی اجلاس جمعرات کو یہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ربیع کی فصل بالخصوص گندم کیلئے وزیراعظم کے پیکیج کی منظوری دی گئی۔آنے والے ربیع سیزن کیلئے کسانوں اورکاشت کاروں کوترغیبات دینے کے ضمن میں وفاقی کابینہ نے 27 اکتوبرکوہونے والے اجلاس میں خصوصی کمیٹی قائم کی تھی، کمیٹی کے قیام کامقصدزرعی مداخل کی قیمت میں کمی کیلئے پیکیج مرتب کرناتھا تاکہ ان پٹ اخراجات میں کمی لاکر ملک میں گندم کی پیداوارمیں اضافہ کو ممکن بنایا جاسکے،پیکیج کے تحت کھادوں جن میں ڈی اے ، فاسفیٹ اورپوٹاشیم شامل ہیں ، کے ہر 50 کلوگرام بوری پر1000 روپے کی اعانت (سبسڈی) فراہم کی جائے گی، وفاقی اورصوبائی حکومتیں 70 اور 30 فیصد کی حصہ داری کی بنیادپرسبسڈی دے گی۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کے ضمن میں کیکلزکی مد میں فی ایکڑ250 روپے اورکیڑے مارادوایات کی مد میں 150 روپے کی اعانت فراہم کی جائے گی، صوبے پہلے سے مرتب کردہ طریقہ کارکے تحت سبسڈیز دے گی تاہم اس میں شفافیت کویقینی بنایا جائیگا۔وفاقی وزارت خزانہ زراعانت کے فنڈز صوبوں کو ان کے حصہ اورنظام کی مضبوطی ومجموعی پہنچ کے تناظرمیں براہ راست فراہم کرے گی۔وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق صوبوں کی جانب سے طلب کردہ فنڈز کا جائزہ لے گی اورسفارشات مرتب کرنے کے بعد وزارت خزانہ یہ فنڈز منتقل کرے گی ۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے سبسڈی تقسیم کرنے کے نظام کووسیع اوربہتر بنائیگی۔یہ پیکیج منظوری کیلئے آئندہ منگل کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔