مظفرگڑھ، 07 اکتوبر(اے پی پی):پولیس مقابلے میں مسلح ڈاکووں کی فائرنگ سے پولیس چوکی کے انچارج اے ایس آئی ملازم حسین ڈاکووں سے مقابلہ کرتے ہوئے گولی لگنے سے شہید ہو گئے ،جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو جس کی شناخت غلام شبیر کے نام سے ہوئی وہ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔
گزشتہ شب رنگپور کے علاقہ موضع پیر ڈونہ راجن میں راہزنی کی واردات میں ملوث ڈاکووں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے پولیس چوکی امیر پور کنکا کے انچارج اے ایس آئی ملازم حسین ڈاکووں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایک ڈاکو غلام شبیر بھی زخمی ہو گیا انھیں تشویشناک حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان فوری طور پر منتقل کیا گیا، جہاں اے ایس آئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے اور ڈاکو ہلاک ہو گیا ۔
اطلاع ملنے پر تھانہ رنگپور اور مظفرگڑھ سے بھی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ڈاکووں کی تلاش جاری ہے۔











