لاہور، 27 اکتوبر (اے پی پی): صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے ایک جامع نظام تعلیم کی ضرورت ہے۔مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم سے خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی عام اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد خصوصی بچے معاشرے کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں، سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کی ملازمتوں کے کوٹہ پر عمل درآمد ہونا چاہئے ،ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب کے خصوصی تعلیم اور سماجی بہبود کے محکموں کی معذوری سے متعلق بریفنگ کے بعد کیا ۔بریفنگ میں گورنر پنجاب ، چوہدری محمد سرور، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر قانون و سماجی بہبود ،راجہ بشارت ، وزیر خزانہ پنجاب ، ہاشم جوان بخت نے شرکت کی۔صدر پاکستان نے کہا کہ خصوصی بچوں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے انہیں عام سکولوں میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے متعلقہ حکام خصوصی افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد کرائیں اور سختی سے نگرانی کریں خصوصی افراد کو ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی دیکھ بھال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہےنجی شعبہ حکومت کے ساتھ شراکت سے خصوصی بچوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ مواقع تک رسائی دے سکتا ہے• ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی بچوں کے لئے موثر اقدامات پر پنجاب کے محکمہ خصوصی تعلیم اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو سراہا۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے پچھلے دو سالوں میں 62 نئی بسیں مہیا کیں ، اور 14 خصوصی تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا ۔