ملتان،14 اکتوبر (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں مقیم 5 لاوارث گمشدہ بچے گزشتہ کئی سال سے والدین کے منتظر ہیں، شعبہ عوامی آگاہی و فیملی ٹریسنگ کی بھرپور کاوشوں کے باوجود ان بچوں کے لواحقین کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے،بچوں کو مختلف مقامات سے لاوارث گمشدہ پاکر حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے۔
ان بچوں میں 11 سالہ عبید ولد آصف کو 6 سال قبل مظفر آباد ملتان سے ریسکیو کیا گیا تھا اور اس نے اپنا گھر خانیوال میں ہونے کا بتایاہے ۔16 سالہ گونگا بہرہ لڑکا 5 سال قبل ریسکیو ہوا، فرضی نام ٹی ٹی رکھا گیا ہے اور 11 سالہ شاہد ولد شعیب 5 سال قبل دوران سیلاب دائرہ دین پناہ کوٹ ادو سے گمشدہ پاکر ریسکیو کیا گیا ، بچے کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
13 سالہ احمد 4 سال قبل ضلع لیہ سے لاوارث گمشدہ پاکر حفاظتی تحویل میں لیا گیا،بچے کا ذہنی توازن درست نہیں اور اسی طرح 9 سالہ اقبال ولد موسیٰ تقریباً 2 ماہ قبل ریسکیو کیا گیا بچے کو تھانہ سٹی لیہ سے لاوارث گمشدہ پاکر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا بچہ اپنے گھر کا ایڈریس نہیں جانتا۔
ادارے کی جانب سے گزارش کی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص ان بچوں کو یا ان کے لواحقین کے بارے میں جانتا ہو وہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان یا چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر رابطہ کریں۔