ملتان؛ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نےخراب گاڑیوں اور بوسیدہ کنٹینرز کی مرمت کا کام تیز کر دیا

408

ملتان، 14اکتوبر(اے پی پی):ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا انفرا سٹرکچر  بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری  ہیں،خراب گاڑیوں اور بوسیدہ کنٹینرز کی مرمت کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے  سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کمپنی کی تمام گاڑیوں کو آن روڈ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی 129 گاڑیاں آن روڈ ہیں اور پانچ گاڑیاں کمپنی ورکشاپ میں زیر مرمت ہیں جبکہ کمپنی 100 بوسیدہ کنٹینرز کی مرمت کر رہی ہے۔ اب تک 50 کنٹینرز کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

 عبدالطیف خان نے کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نئی مشینری اور کنٹینرز خریدنے کی اجازت دے رکھی ہے، نئے کنٹینرز کی خریداری کے لئے قاعدے کے مطابق پراسیس جاری ہے، نئے کنٹینرز کی خریداری سے شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری کنٹینرز میں موجود ویسٹ کو آگ لگانے سے گریز کریں، ویسٹ جلنے سے آلودگی پھیلتی ہے اور کنٹینرز کو نقصان پہنچتا ہے۔