ملتان 30، اکتوبر (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت دشمن عناصر کے خلاف متحرک ،جوس فیکٹری ،سویٹس اینڈ بیکرز اور دیگر پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ پر 8فوڈ یونٹس سیل کر دیئے گئے ۔دوران کارروائی 1200لٹر بیورجز،900کلو مضر کیچپ، 450کلو حشرات زدہ خام مال تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ القائم کمیشن شاپ کوکھلے،ملاوٹی مصالحہ جات کی فروخت پر سیل کردیا گیا۔شان فوڈز گرائنڈنگ یونٹ کو چائنہ سالٹ کی تیاری پر سربمہر کیا گیا ۔عمران پاپڑ یونٹ کو تیار خوراک میں حشرات پاۓ جانے پر سیل کیا گیا۔
اس حوالےس ے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کا کہنا تھا کہ ایس کیو فوڈز اینڈ بیورجز کو مشروبات میں برکس ویلیو کم ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سربمہر کیا گیا۔لودھراں ریاض سویٹس کو سٹوریج ایریا میں چوہوں کی موجودگی،خوراک میں مضر اجزا کے استعمال پر سیل کیا گیا جبکہ خانیوال میں نیو چاند تکہ شاپ،الریاض ڈرنک کارنراور بسم اللہ ڈرنک کارنر کو لائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا گیا۔
عرفان میمن نے مزید کہا کہ مضر صحت اور ملاوٹی خوراک کا استعمال انسانی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے،غیر معیاری خوراک تیار کرنیوالوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جاۓ گی۔