ملتان ،09 اکتوبر(اے پی پی ): ضلع ملتان میں پولیو مہم کی تیاریاں شروع، پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز 26 اکتوبر سے ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی زیر صدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ قریبی اضلاع میں پولیو کے کیسسز کا سامنے آنا ملتان کے لئے الارمنگ ہےجبکہ پولیو مہم کے دوران غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی لیکچر کا اہتمام کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مہم کی بھر پور مانیٹرنگ کریں۔
ڈی سی عامر خٹک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران9 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ، پولیو مہم میں 2408 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 476 ایریا انچارج اور 140 یونین کونسل میڈیکل آفیسر مہم کو مانیٹر کریں گے، جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر24گھنٹے پولیو ٹیمیں موجود رہیں گی جبکہ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کے بارے میں شہری 0619200375 پر شکایات درج کراسکتے ہیں۔
اجلاس میں اے ڈی سی جی قمرالزمان، سی ای او ڈاکٹر ارشد ملک، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر راو امجد شریک تھے جبکہ محکمہ صحت،تعلیم کے افسران، ڈبلیو ایچ او،یونیسف اور روٹری کلب کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔