موجودہ حکومت کے بہترین فیصلوں سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے؛ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان

111

پشاور، 3 اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ یورپین ممالک سمیت پوری دنیا آج موجودہ حکومت کے عوام دوست، معاشی اقدامات اور احتسابی عمل کی متعرف ہے جبکہ موجودہ حکومت کے بہترین فیصلوں سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان  نےتحریک انصاف یورپیین فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے عہدیداروں سے آج گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔

پی ٹی آئی یورپین وفد میں پیرس سے سینئر رکن یاسر خان، اٹلی سے عمران یونس اور برطانیہ سے مشتاق احمد شیخ شامل تھے جبکہ اسپیکر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے وفد کو بتایا کہ یورپین ممالک سمیت سمندر پار تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں کا کردار قابل تعریف ہے کیونکہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت شفافیت، میرٹ اور احتساب کے ایجنڈے پر گامزن ہے اسلئے پی ٹی آئی میں ہمیشہ صاف اور مضبوط کردار کے حامل افراد ہی بطور عہدیدار اور کارکن خدمات انجام دے رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستان کا بہترین امیج اجاگر کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان ایک غریب ملک ہونے کے باوجود، کورونا وبا کے تدارک میں ملکی قیادت کے فیصلوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔