نواز شریف نے ملکی اداروں کے خلاف بات کرکے جندال کی دوستی کا حق ادا کیاہے؛ حلیم عادل شیخ

136

کراچی،18اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملکی اداروں کے خلاف بات کرکے جندال کی دوستی کا حق ادا کیا ہے،پی ڈی ایم کے جماعتوں کو عوام مسترد کرچکی ہیں ، آج تمام چور ایک دوسرے کو بچانے کے لئے جمع ہوئے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں جماعتوں کے کارڈ ختم ہوچکے ہیں، اب صرف پاکستان کا کارڈ چلے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے رہائش   گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماء فردوش شمیم نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام ان چوروں کا کبھی ساتھ نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والوں کا احستاب ہوگا ، جو کرپشن کی ہے اس کا حساب سب کو دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ لوگ خود کو بچانے کے لئے اداروں کے خلاف ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہیں چاہتی کہ سندھ ترقی کریں ۔