ہرنائی،13اکتوبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ نوجوان معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں، ہم ہر فورم پر ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر حاجی نورمحمددمڑ نے منہ زیارت میں منہ فٹ بال لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کا منہ اسٹیڈیم پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،منہ فٹ بال لیگ سویرا کلب نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد جیت لیا۔
صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اسپورٹس کمپلیکس بنا رہی ہے جس کی تکمیل سے نوجوانوں کی کھیلوں کے حوالے سے مشکلات کا خاتمہ ہوگا، ہم کوشش کریں گے کہ منہ میں ایک معیاری اسپورٹس اسٹیڈیم بنائیں تاکہ یہاں کہ نوجوان بھی کھیلوں میں اپنامقام بناسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع زیارت کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ان کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیل انسان کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، صحت مند دماغ صحت مند جسم میں ہوتا ہے اور دنیامیں وہی لوگ ترقی کی منازل طے کرتے ہیں جن کے جسم اور دماغ دونوں صحت مند ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان مستقبل کے معمار ہیں، ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور یہی نوجوان مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اپنی محنت جاری رکھیں، محنت کو اپنی شعار بنا کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکریں۔
صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے منہ فٹ بال کمیٹی کے لیے ایک لاکھ روپے دینے اور منہ فٹ بال ٹیم کی ونر اور رنر ٹیم کے لیے دس، دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا اور کھیلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر بی اے پی کے ضلعی آرگنائزر عبدالستار کاکڑ، تفتیشی افسر محمد ارشاد اللہ، سعد اللہ دوتانی، جمال الدین سارنگزئی، نصیب اللہ دمڑ، مختیار کاکڑ، حاجی عبدالخالق، ماسٹرنیک محمد، وزیر محمد، ماسٹر محمد علی، ماسٹر داد محمد، ملک طارق کاکڑ، دین محمد سارنگزئی، حاجی احمد جان عبدالقادر سارنگزئی، محمدعارف، فرید اللہ، حاجی نذیر، نصرو شاہین اور دیگر موجود تھے۔